اسلام آباد:سپریم کورٹ بار کے صدر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کی دھجیاں اُڑا رکھی ہیں۔
وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے ساتھ عدالتی احکامات کی بھی دھجیاں اڑا رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں اگر اپنے فیصلوں پر عمل نہیں کروا سکتیں تو پھر عدالتوں کو تالا لگا دیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عابد زبیری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار نے صرف قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے کام کیا، اس ملک میں شہدا کا خون شامل ہے۔ان شا اللہ آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عہدے ملتے ہیں، مگر کچھ تاریخ چھوڑجاتے ہیں اور کچھ کے نام کوڑے دان میں چلے جاتے ہیں۔
عابد زبیری کا کہنا تھا کہ 90 روز میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی اور فیصلہ ہوا مگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر اب تک عمل نہیں ہوا۔ اگر عدالتیں اپنے فیصلے پر عمل نہیں کرواسکتیں تو عدالتوں کو تالا لگا دیں۔ جج متحد ہوتے تو آج ایسا نہیں ہوتا اور یہی ان ججز کو میں کہتا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشکلات کے باوجود ملٹری کورٹس کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائرکی۔ انہوں نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ملٹری ایکٹ دونوں کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر پر آرٹیکل6 لگنا چاہیے تھا۔