سیکرٹ فنڈز کی خورد برد،سرکاری امور میں غفلت، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے 2 آفیسر معطل

332
suspended

مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر نے سیکرٹ فنڈز کی خورد برد،سرکاری امور میں غفلت، لاپرواہی، اہم سرکاری اور حکومتی دستاویزات کے ریکارڈ کی عدم دستیابی اور تیاری میں غفلت اور عدم حفاظت کیش بک وادائیگیوں کے متعلق ریکارڈ کی عدم تکمیل ودیگرالزامات کے پیش نظر وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دو آفیسران کو معطل کردیا۔

آفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 1977کے قاعدہ 1کے تحت معطل ہونے والوں میں ڈپٹی سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ محمد اشفاق خان اور بجٹ آفیسر محمدجاوید جرال شامل ہیںجن کی انکوائری کیلئے دو آفیسران پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ راشد کلیم کرینگے جبکہ ایڈیشنل کمشنر بحالیات ندیم احمد جنجوعہ ممبر ہونگے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ قاعدہ ایک(5)کے تحت انضباطی کارروائی فور ی طور پر مکمل کرتے ہوئے رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کرے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن شعبہ انکوائری نے اس کاباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سرکاری ملازمین پر اعتراض ہے کہ مالی سال 2022-23کے دوران مدات خاطر تواضع،پیٹرول ،ڈیزل ،مرمتی گاڑیاں،عطیات برائے ادارہ جات، تحائف اور سیکرٹ فنڈز میں اخراجات کی نسبت بدوں پیشگی اجازت آفیسران مجاز محکمہ مالیات کوتحریک کرنے ،انتظامی منظوری کیلئے خلاصہ جات و ساطت جائز اتھارٹی کو پیش کرنے اور مالی مضمرات کی حامل اہم دستاویزات کا ریکارڈ غائب کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ آفیسران سابق وزیراعظم تنویرالیاس کے حکم پر یہ تمام اقدامات اٹھاتے رہے جس کا سیکرٹریٹ میں ریکارڈ موجود ہی نہیں اور اس مد میں کروڑوں روپے کی خرد برد ہوئی ہے۔