کراچی: ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ ،باپ بیٹا جاں بحق

279

کراچی کے علاقے ورنگی نمبر دو میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

زمان ٹان پولیس کے مطابق کورنگی نمبر دو میں واقع پرنس بک سٹال کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 70 سالہ محمد حسین اور 37 سالہ بیٹا اسد حسین شدید زخمی ہوئے جو ہسپتا ل منتقلی کے دوران انتقال کرگئے۔

عینی شاہد فہد نے بتایا کہ دکان پر تین ڈاکو آئے جن میں سے دو اندر داخل ہوئے اور ایک باہر ہی کھڑا رہا، جب انہوں نے ڈبہ چھیننے کی کوشش کی تو محمد بھائی نے مزاحمت کی اور اس دوران اسد بھائی بھی آگے بڑھے تو ڈاکو نے والد (محمد حسین)پر فائرنگ کر دی۔

اسی دوران دکان میں کھڑے دوسرے ڈکیت نے فائر کیا جو اسد کو لگا اور پھر دونوں زمین پر گر گئے اور پھر ڈکیت ڈبہ چھین کر فرار ہوگئے۔

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 2 میں ڈکیتی میں مزاحمت پر باپ بیٹے کے قتل کے واقعہ پر ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے جناح ہسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان دکان کے باہر آئے تھے۔ 

2 ڈاکو دکان کے اندر داخل ہوئے اور لوٹ مار کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکووں نے فائرنگ کر دی،موقع سے گولیوں کے 4 خول ملے ہیں جنہیں فارنزک کے لیے بھجوایا جائے گا۔

طارق نواز نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔مذکورہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی جس میں مزاحمت پر ڈکیتوں کو گولی چلاتے اور باپ بیٹے کو زخمی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واقعہ کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور آگ لگا کر سڑک بلاک کر کے پولیس سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، باپ بیٹے کی ہلاکت پر علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔