کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 15سال سندھ میں حکومت کر تی رہی ۔ نواز لیگ اور پی ٹی آئی کی بھی حکومت رہی اور ایم کیو ایم نے بھی ہر حکومت کے ساتھ اقتدار اور وزارتوں میں حصہ لیا ۔ اپنی بولی لگائی اور کراچی کے مینڈیٹ کا سودا کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ صرف جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے ، کسی بھی وفاقی و صوبائی حکومت اور حکمران پارٹی نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، کراچی کے عوام بجلی ، پانی ، صحت ، تعلیم ، صفائی ، ستھرائی ، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت امن و امان کے مسائل سے دوچار ہیں ۔ حکمرانوں نے ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہر حکومت نے قرضے لیے لیکن عوام کو کچھ نہیں ملا ، وڈیروں ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں ، طبقہ اشرافیہ اور حکمران ٹولے نے ملک اور قوم کو موجودہ سنگین حالات سے دوچار کیا ہے، ان حکمرانوں سے نجات کے لیے بھر پور جدو جہد اور مزاحمت کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانون حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی ۔کارکنان بڑی عوامی تحریک اور جدو جہد کے لیے تیار رہیں اور عوام سے بھر پور رابطہ کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ کراچی کی تباہی وبربادی کی ذمہ داری سب سے زیادہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے ، دونوں جماعتوں نے کراچی کے عوام کو کچھ نہیں دیا ، پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر شہری اداروںاور کراچی کے اختیارات و وسائل پر قبضہ کیا ،پیپلزپارٹی15سال میں شہر کی حالت بہتر بنانے اور عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ،یہاں تک کہ شہر میں گٹر کے ڈھکن تک نہیں لگاسکی جس کے باعث شہر میں رواں سال اب تک خواتین اور بچوں سمیت تقریبا70قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ۔