جکارتہ:چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے کہا ہے کہ مختلف ملکوں کے درمیان جاری تنازعات سے نمٹتے ہوئے نئی سرد جنگ سے بچنا انتہائی اہم ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ ساوتھ ایسٹ ایشین نیشنز کے اراکین کے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم نے کہا کہ تمام ممالک کو اختلافات اور تنازعات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی ایک فریق کی حمایت، کسی بلاک سے محاذ آرائی اور نئی سرد جنگ سے بچنے کی ضرورت ہے۔
ساوتھ ایسٹ ایشین نیشنز کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ بڑی طاقتوں کے تنازعات کا حصہ بننے کی کوشش نہ کرے جہاں ان ممالک کے اراکین کے چین کے وزیر اعظم، امریکی نائب صدر کمالہ ہیرس اور جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے رہنماوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
اس سمٹ میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ دونوں ہی شریک نہیں ہیں۔انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں جاری سمٹ کے ایجنڈے میں سرفہرست تجارت کے لیے اہم تصور کی جانے والی راہداری جنوبی چین کے سمندر میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں ہیں اور اس اہم راہداری میں کئی رکن ممالک کے چین کے ساتھ تنازعات ہیں۔