عدالتی حکم پر رہائی کے بعد پرویز الٰہی پھر گرفتار

323

اسلام آباد: عدالت عالیہ کے حکم پر رہائی ملنے کے بعد پرویز الٰہی کو جیل سے نکلتے ہی پھر گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے وکلا سردار عبدالرزاق اور سردار شہباز عدالت کی جانب سے رہائی کا فیصلہ لے کر پولیس لائن پہنچے جہاں انہیں بحث و تکرار کے بعد داخل ہونے کی اجازت ملی۔

وکلا کی جانب سے عدالتی حکم نامہ پیش کیے جانے پرپاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کو رہا کردیا گیا، تاہم باہر آتے ہی انہیں ایک بار پھر حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان  اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کی رہائی کا اعلامیہ جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ عدالتی حکم پر انہیں رہا کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو رہائی کے بعد پولیس نے سیکورٹی حصار میں لیا، جس پر سامنے آیا کہ انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے حصار میں لے کر پرویز الٰہی کو ان کے وکیل عبدالرزاق کے ساتھ روانہ کیا ہے۔ بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے  مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحریری گرفتاری کا آرڈر معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔