کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی ٹی منسٹرز نے بینرز لگوانے کے سوا کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بنو قابل پروگرام امید کی کرن ہے،بنو قابل پروگرام کے زریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافط نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نوجوانوں کیلیے تعلیم ہی نہیں روزگار کی بھی کوشش کررہی ہیں، حکمران آئی ایم ایف سے معاہدوں کے باعث پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں، اب تو آٹے اور چینی بھی عوام کی دسترس سے دور ہوگئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسائے ممالک نے آئی ٹی سیکٹر کی ایکسپورٹ سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے، سوال ہے ہمارے ملک میں آئی ٹی سیکٹر پر توجہ کیوں نہیں دی گئی؟اگر آج آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دی جائے تو مستقبل بہتر ہوسکتا ہے، آج شہر میں بچوں کے پاس مواقع نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جو کام ایک سیاسی جماعت کرسکتی ہے وہ ہم کر رہے ہیں، جب ہم نے ائی ٹی کورسز شروع کیے تو لوگوں نے ہم پر تنقید کی، مگر ہم نے تنقید پر توجہ نہ دیتے ہوئے 15 ہزار بچوں کو کورسز کروائے، گورنر ہاوس کے باہر ایک فلاحی ادارے کے پیچھے حکومتی عہدیدار چھپ نہیں سکتے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اب ایک دوسرے پر الزام عائد کرکے الیکشن میں جانے کی تیاری شروع کردی ہیں، نگراں وزیراعظم اس صورتحال کو عوام کے سامنے کیوں نہی رکھ رہے؟پاکستان بیسڈ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرِ ثانی کیوں نہیں کی جارہی؟
انہوں نے کہا کہ شہر میں نوجوان بچوں کی تعداد 70 لاکھ سے زائد ہیں، میٹرک کے امتحانات میں 4 لاکھ سے زائد بچے حصہ لیتے ہیں، شہر میں بہت بڑی تعداد میں بچے ہیں جن کے پاس تعلیم کے مواقع موجود نہیں، ایسے بچوں کے لیے آئی ٹی کورسز وقت کی ضرورت ہیں۔