کراچی: صوبائی دارالحکومت سمیت سندھ بھر کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کے تحریری امتحان نئی تاریخ کے مطابق 10 ستمبرکومنعقد کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں سال برائے24-2023 میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان 10ستمبرکوبیک وقت منعقد کیے جائیں۔ واضح رہے کہ پہلے تحریری ٹیسٹ کے لیے27اگست کی تاریخ مقررکی گئی تھی تاہم نگراں حکومت نے نئی تاریخ 10ستمبرمقررکی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سی امسال ایم ڈی کیٹ کے تحریری ٹیسٹ اورداخلے کی ذمہ داری جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کوسونپی گئی ہے۔
کراچی میں تحریری ٹیسٹ جامعہ کراچی کے مسکن گیٹ گراؤنڈ اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا جب کہ اندرون سندھ میں حیدرآباد میں لمس یونیورسٹی جامشورو،شہید بے نظیر آباد نوابشاہ میں بلاول اسپورٹس کمپلیکس نوابشاہ اورلاڑکانہ پولیس ٹریننگ اسکول میں منعقدکیے جائیں گے۔
ساڑھے تین گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل تحریری ٹیسٹ صبح 10 بجے شروع ہوگا اور دوپہر ڈیڑھ بجے تک جاری رہے گا۔
کراچی میں تحریری ٹیسٹ میں 18ہزار امیدوار جب کہ اندرون سندھ سے 22ہزار سے زائد امیدوارشرکت کریں گے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری میڈیکل کالجوں کی تعداد 12 جب کہ سرکاری ڈینٹل کالجوں کی تعداد 7، سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کی تعداد 6 ہیں۔