اسلام آباد:خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین چھٹی پر ہونے کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نا ہو سکی پی ٹی آئی نے ڈیوٹی جج سے درخواستیں سننے کی اپیل کردی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت کرنے والے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین چھٹی پر ہیں، جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر پیر کو سماعت نہیں ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے وکلا عدالت پہنچے تو عدالتی عملے نے انہیں مطلع کیا کہ جج ابو الحسنات ذوالقرنین 8 ستمبرتک رخصت پر ہیں، پی ٹی آئی وکلا نے درخواست کی کہ ہمیں کوئی راستہ دکھائیں کہ ہم کیا کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمود کے وکلا ڈیوٹی جج راجا جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوگئے اور درخواست سننے کی اپیل کی۔ ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں، آپ ہائیکورٹ سے مارک کرادیں تو میں بھی کیس سن سکتا ہوں، دو طریقے ہیں یا رجسٹرار ہائیکورٹ سے رجوع کریں یا 9 ستمبر تک انتظار کر لیں۔
ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس چھٹی کی درخواست گئی ہے، یہاں 24 عدالتیں ہیں، ان سب کو میں سن سکتا ہوں مگر یہاں معاملہ الگ ہیں، باقی عدالتوں کے لیے میں ڈیوٹی جج ہوں، میری غیر موجودگی پر شاہ رخ ارجمند جج ہوں گے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے علاوہ باقی عدالتوں میں اختیار استعمال کرسکتا ہوں، ایڈمن جج ہونے کی وجہ سے 24 عدالتوں پر میرا دائرہ اختیار استعمال ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہم ایک درخواست دیتے ہیں آپ جو بھی آرڈرکریں گے ہمیں منظور ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیوٹی جج کو ضمانتیں سننے کی درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ ضمانت کا معاملہ ہے آپ ڈیوٹی جج ہیں اسی لئے ہمیں سن لیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل جبکہ شاہ محمود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، عدالت نے آج فریقین سے دلائل طلب کر رکھے تھے۔