کولمبو:ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کرنے والے نسیم شاہ نے پاک بھارت میچ میں اپنائی جانے والی حکمت عملی بتا دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نسیم شاہ کی ایک ویڈیو ایکس پر جاری کی گئی جس میں فاسٹ بولر نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلا ون ڈے میچ کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا، اس سے قبل بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں تھوڑا صبر کے ساتھ بولنگ کرنا پڑتی ہے، شروع میں بال سیم اور سوئنگ ہو رہا تھا، میری کوشش یہی تھی کہ اچھی جگہ پر بولنگ کروں اور میں نے یہی پلان کیا تھا کہ رنز بنانے نہ دوں۔
نسیم شاہ نے ساتھی بولرز شاہین آفریدی اور حارث رف کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شاہین آفریدی نے آغاز میں غیر معمولی بولنگ کی اور حارث رف کی بھی بولنگ اچھی تھی اسی لیے کریڈٹ سب کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں میں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، جہاں آپ نے بچپن میں کرکٹ کھیلی ہو وہاں کھیل کر اچھا احساس ہوتا ہے، لاہور میں کرکٹ کھیل کر انجوائے کریں گے اور میچ جیتیں گے۔
واضح رہے ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو 267 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہ ہوسکی اور میچ ختم کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔