شارجہ سے کراچی آنے والامسافر منکی پاکس کے شبہے میں قرنطینہ منتقل

530
quarantined

کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والے ایک اور مسافر کو منکی پاکس کی علامات کے شبہ میں قرنطینہ مرکز میں بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی سرویلینس ٹیم کی کراچی ائیرپورٹ پرکارروائی کے دوران شارجہ سے آنے والے ایک مسافر میں مشتبہ منکی پاکس کی علامات کی تشخیص ہوئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق مشتبہ مریض نزلہ، جسم درد اور کاندھے کمر تک خارش کا شکار ہے، جسے فوری طور پر محکمہ صحت کے متعدی امراض کے مرکز میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق مسافر کی عمر 27 سال ہے۔ دو روز قبل بھی کراچی ائیر پورٹ پہنچنے والے 3 افراد میں ممکنہ منکی پاکس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم کل ان کے خون کے نمونے منفی آئے ہیں۔

نگران وزیرِ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ مشتبہ تینوں افراد کی ابتدائی رپورٹ منفی ہیں، تینوں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، مزید ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔