کراچی: کراچی پریس کلب اورسینٹر فار ایکسیلینس ان جرنلزم( سی ای جے،آئی بی اے) کے اشتراک سے موبائل جرنلزم کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو اسمارٹ فون کے ذریعے بروقت اور تیز ترین رپورٹنگ، موبائل شاٹ میکنگ، ٹیکنیکس، اسٹوری رائٹنگ اور موبائل ٹولز کے استعمال کے بارے آگاہ کیا گیا جبکہ مختلف ایپس کے ذریعے موبائل سے ویڈیو کی آسان طریقے سے ایڈیٹنگ کرنے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے طریقے سکھائے گئے۔ورکشاپ میں کراچی کے مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز، مختلف میڈیا ہاؤسز سے منسلک صحافیوں نےبھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ میں سی ای جے، آئی بی اے کی ڈائریکٹر امبر رحیم ہاشمی نے کہا کہ صحافیوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہمکنار ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آنے والا دورڈیجٹیل میڈیا کا ہے اور سی ای جے، کراچی پریس کلب کے ممبران کی تربیت کیلئے پروگرام جاری رکھے گا۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہاکہ صحافیوں کی معاشی تنگدستی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے موبائل جرنلزم کا تربیتی پروگرام منعقد کیا ہے، جس سے معاشی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، تربیتی ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانا ہے۔ کراچی پریس کلب اپنے ممبران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس طرح کی مزید ورکشاپ منعقدکرواتی رہے گی۔
تربیتی ورکشاپ کی روح رواں اور ممبر گورننگ باڈی کے پی سی کلثوم جہاںنے کہا کہ صحافیوں کو جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے صحافت کے نئے اسکلزسیکھنے ہوں گے۔
اس سے قبل امریکا کے ایمی ایوارڈ یافتہ ویڈیو جرنلسٹ اور ٹرینر کریگ ڈف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بعد صحافت کی دنیا میں بھی جدت آگئی ہے، جس میں موبائل جرنلزم صحافیوں کی معاشی اور صحافتی ضرورت بن چکی ہے، صحافیوں کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے موبائل جرنلزم کی تربیت حاصل کرنا ضروری ہے۔ مستقبل میں الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کی بجائے میڈیا پلیٹ فارم موبائل جرنلزم ہو گا۔
سی ای جے کے لیکچراراور جرنلسٹ شاہزیب احمد ہاشم نےبتایا کہ جدید ٹیکنالوجی صحافت پر بھی اثر انداز ہورہی ہے اور رپورٹنگ کے روایتی طریقہ کار کو تبدیل کررہی ہے۔ پہلے رپورٹرز نیوز روم کو خبریں دیتے ہیں لیکن اب پہلے نیوز سوشل میڈیا پر آتی ہے اس کے بعد رپورٹرز کو ان خبروں کو تصدیق کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔ موبائل جرنلزم نے خبر کی نشر و اشاعت کو تیز کر دیا ہے۔
آخر میں موبائل جرنلزم کے ورکشاپ کے اختتام پرورکشاپ میںحصہ لینے والے صحافیوں کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے جبکہ ٹرینر کریگ ڈف ، شاہزیب احمد ہاشم اور سی ای جے کی ڈائریکٹرامبر رحیم شمسی کویادگاری شیلڈز دی گئیں اور اجرک پہنائی گئیں۔
اس موقع پرگورننگ باڈی کے ممبران ذوالفقار راجپر، فاروق سمیع، اسکل ڈویلپمنٹ کی سیکریٹری، گورننگ باڈی کی ممبر کلثوم جہاں، مونا صدیقی، رباب ابراہیم، نادرہ مشتاق و دیگر موجود تھے۔