بھارت نے چاند پر پہنچنے کے بعد پہلا سولرمشن لانچ کردیا

657

نئی دہلی: انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی جانب سے آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا سے اپنا شمسی مشن آدتیہ ایل ون لانچ کردیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق آدتیہ ایل ون خلا میں قائم پہلی بھارتی رصد گاہ ہے جس کا مقصد سورج کا مطالعہ کرنا ہے۔بھارت کے سورج مشن آدتیہ ایل ون کی لانچنگ چندریان 3 خلائی جہاز کی چاند پر کامیاب لینڈنگ کے بعد ہوئی ہے۔

شمسی مشن کی لاگت 300 کروڑ روپے سے زائد ہے۔آدتیہ ایل ون لانچ کرنے کا مقصد شمسی بالائی فضا کی حرکات کا مشاہدہ کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ان سیٹو ذرات اور پلازما ماحول کا مطالعہ اور سورج کی حرکات کا مطالعہ بھی مقاصد میں شامل ہیں۔جہاز پر کل 7 پے لوڈ ہیں، ان میں سے 4 سورج کی ریموٹ سینسنگ کر رہے ہیں جب کہ باقی 3 سیٹو کے مشاہدات کر رہے ہیں۔

اسرو کے مطابق لانچ سے آدتیہ ایل ون تک کے کل سفر کا وقت تقریبا4 ماہ ہوگا۔سورج کا مطالعہ کرنے والا پہلا خلائی مشن آدتیہ ایل ون کو سورج اور زمین کے نظام کے لاگرینج پوائنٹ ون (ایل ون) کے گرد ایک ہیلو(Halo) مدار میں رکھا جائے گا۔لاگرینج پوائنٹس کا نام فرانسیسی ریاضی دان جوزف لوئس لاگرینج کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے پہلی بار 18 ویں صدی میں ان کا مطالعہ کیا تھا۔