شیریں مزاری ای سی ایل کیس:آئی جی اسلام آباد پر 25 ہزار روپے جرمانہ

271

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے قبل آئی جی 25 ہزار روپے پٹیشنر شیریں مزاری کو دیں۔ 2 اگست کو ایک ہفتے میں آئی جی اسلام آباد کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا، 10 اگست تک جواب جمع نہیں کرایا، ایک ہفتہ مہلت کی استدعا بھی عدالت نے منظور کی، 29 اگست کو بھی آئی جی اسلام آباد نے جواب جمع نہیں کرایا۔ 

عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو آج بھی جواب جمع نہ کرانے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، عدالتی حکم میں کہا گیا کہ آئی جی انکوائری کرائیں کہ عدالتی حکم کے مطابق جواب جمع کیوں نہیں ہوا؟ انکوائری کر کے ایکشن لے کر 2 ہفتے میں جواب جمع کرائیں۔ 

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تین صفحات پر مشتمل تحریری آرڈر جاری کر دیا، جس میں آئی جی اسلام آباد پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔