اسلام آباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پرامن ہڑتالیں اور احتجاج زندہ معاشروں کا زیور ہیں،اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے دعوے نہیں کرتا،ہائیڈل ایشوز اور بجلی کے بلوں کے معاملات حل نہ ہوئے تو عوام پر کوئی ٹیکس لگانے کی اجازت نہیں دوں گا، اگر ان مسائل کو حل نہ کر سکا تو عہدہ چھوڑنے میں دیر نہیں لگاؤں گا۔
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے کہاکہ وفاقی حکومت پر بوجھ نہیں ہیں بلکہ ملک کی معیشت میں بڑا حصہ ڈال رہے ہیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھائیں۔جہاں سے بجلی پیدا ہوتی ہے پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے۔ پونچھ، مظفرآباد اور منگلا ڈیم کے متاثرین کا مقدمہ لڑ رہا ہوں۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بجلی کی قیتموں میں اضافہ 1967 کے منگلا ڈیم معاہدے کو بنیاد بنا کر کیا جاتا ہے اور اس میں حکومت کا عمل دخل نہیں ہوتا، حکومت آزادکشمیر نے کبھی بجلی کی قیتموں میں اضافہ کیا نہ ایسا ہوتاہے، جونہی پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو آزادکشمیر میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کر دیا جاتا ہے۔