کشمور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بجلی کے بل گھروں میں موت کے پروانے بن کر آتے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدوں پر قوم سے معافی مانگیں۔
سراج الحق نے کہاکہ آئی ایم ایف کی مجبوری ہے تو حکمرانوں کی جائدادیں نیلام کر کے قرض ادا کیے جائیں، عوام نے قرضے نہیں کھائے، ان کا خون نچوڑنا بند کیا جائے، بل ادائیگی کے لیے مائیں، بہنیں زیورات بیچنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کا کام نہیں کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کرے، فی یونٹ قیمت 56روپے تک پہنچ گئی، یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو آیندہ ماہ مزید اضافے ہوں گے۔ حکمران طبقات کے لیے 200ارب کی مفت بجلی کی سہولت ختم کی جائے، 800ارب سالانہ کے لائن لاسسز اور چوری روکی جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کا حق دلائیں گے، حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ 2ستمبر کو سندھ، پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں مکمل شٹرڈائون ہو گا، عوام سے اپیل ہے کہ ہڑتال کو کامیاب کرائیں۔