قوم پراجیکٹ عمران کے نتائج کے عذاب میں مبتلا  ہے ،مریم اورنگزیب

293

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اِس وقت ملک اور قوم پراجیکٹ عمران کے نتائج کے عذاب میں مبتلا ہے جو آج تک جاری ہے بجلی کے بل اس کا ایک عکس ہے ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قوم کو ان سب کرداروں کو آج کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے جن کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کو خیر باد کہنے کے بعد آئی ایم ایف گیا، معاہدے کی خلاف ورزی کر کے ڈیفالٹ کے کنارے پہنچا، معاشی تباہی ہوئی اور ڈالر آج اِس قیمت پہ پہنچا،مہنگائی نے غریبوں کا جینا حرام کیا۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے بدھ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کس کو تکلیف تھی جب وزیراعظم نوازشریف نے آئی ایم کو ہمیشہ کے لئے خیر آباد کہا،کس کو تکلیف ہوئی جب نواز شریف کے دور میں پانچ سال آٹے، گھی اور چینی کی قیمت نہیں بدلی ،کس کو تکلیف تھی جب مہنگائی 4 فیصد کی کم ترین سطح پر؟ 14000 میگاواٹ بجلی بنی ،سستی بجلی اور گیس تھی ، سستی روٹی تھی ،معاشی ترقی 6.1 فیصد تھی ،سی پیک آیا، دہشت گردی ختم ہوئی، نوجوان کو روزگار مل رہا تھا، تو کسے تکلیف ہوئی؟ آج قوم کو بل جلاتے ہوئے یہ ضرور سوال کرنا  چاہیے کہ پاکستان کی ترقی کے سفر کو کس نے جلایا؟ یہ سازش نوازشریف کے خلاف نہیں، پاکستان اور عوام کے روزی اور روٹی کے خلاف تھی جو آج اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نفرت، فساد اور انتشار کے بیج بوئے جس کو آنے والی نسلیں بھگتیں گی۔