کراچی: شہر قائد میں ایک شیر اچانک شارع فیصل پر نمودار ہوگیا، جسے دیکھ کر شہری حیران ہو گئے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق شارع فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب ایک شیر ٹہلتا ہوا اچانک ایک عمارت کی پارکنگ میں پہنچ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے جب کہ شیر کو دیکھنے کے لیے شہریوں کا بھی رش بڑھ گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
پولیس کے مطابق گاڑی کے ذریعے شیرکو منتقل کیا جا رہا تھاکہ شیرگاڑی سے باہر نکل آیا۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ بعد ازاں پولیس نے شیر کے مالک کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کرلیا ہے، جس نے پولیس کو بتایا کہ شیر بیمار تھا اور اسے ڈاکٹر کے پاس لے جایا جارہا تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے طلب کرنے پر وائلڈ لائف حکام موقع پر پہنچے۔ اس موقع پر شیر کے رکھوالے بھی آگئے جنہوں نے شیر کو قابو کرکے پنجرے میں منتقل کردیا۔