لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں، شہباز شریف

252

اسلام آباد:سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ، چیف جسٹس کا گڈ ٹو سی یو اور وشنگ یو گڈ لک کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا،فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ 

منگل کو توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی پر مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہبازشریف نے اپنے ردعمل  میں کہا کہ اعلی عدلیہ سے واضح پیغام مل جانے پر ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟ نوازشریف کی سزا یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کیلئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے، نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا۔ 

صدر مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے، چور اور ریاستی دہشتگرد کی سہولت کاری ہوگی تو ملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا، 9 مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ، پولیس پر پٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف۔