اسلام آباد :نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول اور سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نگران وفاقی وزرا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے، نگران وزیراعظم اور کابینہ کو کونسل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزارت فوڈ سکیورٹی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات کی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر اجلاس میں بریفنگ دی گئی، نگران وزرا اور عسکری حکام کی جانب سے سرمایہ کاری کے شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول اور سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، پہلی بار ہے کہ ملکی معیشت کے لیے ایک ویژن دکھائی دے رہا ہے۔