بجلی کمپنیاں عوامی احتجاج سے خوفزدہ، سیکورٹی طلب کرلی

2375

راولپنڈی: ملک بھر میں مہنگی بجلی اور بے جا ٹیکسز کے خلاف جاری عوامی احتجاجی مہم سے بجلی کمپنیاں خوفزدہ ہو گئیں اور انہوں نے حفاظت کے لیے سیکورٹی طلب کرلی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بجلی کے بھاری بل عوام کو بھیجنے والی کمپنیاں ملک بھر میں جاری مظاہروں اور کچھ پرتشدد واقعات سامنے آنے پر عوامی ردعمل سے خوفزدہ ہیں، جنہوں نے اپنے ملازمین، تنصیبات اور دفاتر کے لیے سیکورٹی طلب کرلی ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی میں سیکڑوں پولیس اہل کار تعینات کردیے گئے ہیں۔

بجلی کے بلوں پر ملک بھر میں عوامی احتجاج بڑھتا جارہا ہے۔ آئیسکو حکام نے اپنے دفاتر اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے سیکورٹی طلب کرلی ہے۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر نے سی پی او راولپنڈی کو مراسلہ ارسال کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صارفین گروپوں اور ہجوم کی شکل میں آئیسکو دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں اور بجلی کے معاملے پر احتجاج اور مظاہرے کررہے ہیں۔ اس صورتحال میں آئیسکو ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال انتہائی الارمنگ ہے اور کسی بھی وقت امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں آئیسکو تنصیبات اور دفاتر کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آئیسکو دفاتر، تنصیبات پر پولیس فورس متعین کی جائے تاکہ تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

دریں اثنا آئیسکو حکام کی درخواست پر راولپنڈی پولیس کے 500 سے زائد افسران و اہل کاروں کو بجلی دفاتر کی حفاظت کے لیے تعینات کردیا گیا۔پولیس ترجمان کا کہناتھا کہ آئیسکو اور واپڈ کے لیے 520 پولیس افسران و اہل کار متعین کیے ہیں جب کہ شہر اور ضلع بھر میں امان و امان کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور پولیس اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔