اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دنیا کو پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کے 38 طلبہ کے ایک گروپ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، اس دوران آرمی چیف نے خطے کی سلامتی کو درپیش مسائل اور قیام امن و استحکام کے سلسلے میں پاک فوج کی اہمیت اور کردار پر گفتگو کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ انٹرایکٹیو سیشن کے دوران سپہ سالار نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کو دیکھیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مظالم اور حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ طلبا نے بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف کی تعریف کی۔