علیمہ خان کا عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر جیل کے سامنے دھرنے کا اعلان

565

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اٹک جیل کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو مختلف ذرائع سے پاکستان چھوڑنے کو کہا گیا لیکن انہوں نے جواب دیا تھا کہ کوئی اپنا گھر بھی چھوڑتا ہے کیا؟

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے بتایا کہ آج ہائی کورٹ آ کر پریشانی ہوئی، سنا ہے کہ وکیل کا پیٹ خراب ہو گیا ہے اور وہ بستر پر پڑ گئے ہیں۔ جتنے دن عمران خان جیل میں ہیں، اِن کے پیٹ خراب ہوتے رہیں گے۔  یہ انصاف نہیں دے پا رہے، اس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بے بس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا تحفظ حکام کی ذمے داری ہے۔ اب میں بولی ہوں تو مجھے بھی جیل میں ڈال دیں گے اور یہ ہم سب کو بھی ڈال دیں۔  مجھ پر 4 اور عظمیٰ خان پر 6 مقدمات بنا دیے گئے ہیں، ہم نے بیگ پیک کر رکھا ہے، ڈال دیں جیل میں لیکن یاد رکھیں عمران خان نہیں جھکے گا، اس کو تو وقت مل گیا ہے قرآن پڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر پیر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو پیر کو اٹک جیل کے باہر جا کر بیٹھ جائیں گے۔