لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اقلیتوں کے حقوق ،جان ومال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے اقلیتی امور کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
منصورہ میں امن کانفرنس سے خطاب کے بعد اقلیتی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں قومی اقلیتی کنونشن کے انعقاد کا بھی اعلان کیا جس میں تمام مذاہب کے درمیان احترام اور ملک میں امن و امان کے قیام سے متعلق سفارشات تیار کی جائیں گی۔
امیر جماعت نے جڑانوالہ واقعہ کو پاکستان کے تشخص کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی میں ملوث اور اس افسوس ناک واقعہ کے بعد اشتعال پھیلانے والے گروہ کا پتا لگا کر تمام کرداروں کو کیفردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کی غفلت پر بھی سوال اٹھایا۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جب بھی اقلیتوں کے خلاف کوئی افسوسناک واقعہ ہوا، امیر جماعت نے زخموں پر مرہم رکھا۔ تما م شرکاء نے جڑانوالہ میں قرآن کریم اور عیسائی عبادت گاہوں اور گھروں کو جلانے کے واقعات کی بھی پرزور مذمت کی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔