عمران خان کو بچا کر چیف جسٹس اپنا مستقبل داؤ پر لگا رہے ہیں، نوازشریف

501
demand

لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو بچا کر چیف جسٹس اپنا مستقبل داؤ پر لگا رہے ہیں۔

برطانوی دارالحکومت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو معلوم ہے کہ اس شخص (چیئرمین پی ٹی آئی) نے پاکستانی معیشت، اخلاقیات اور کلچر کر تباہ کردیا، لوگوں کو غنڈہ گردی سکھائی اور آئین کی سنگین خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ سب کچھ جان کر بھی چیف جسٹس اس کی حمایت میں نکلے ہیں اور اپنے مستقبل کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے نااہل کرنے، گرفتار کرنے اور حکومت ختم کرنے میں سابق چیف جسٹس اور سپریم کورٹ میں بیٹھے ان کے ساتھی شامل تھے۔ آج مختلف قسم کی اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کو چیف جسٹس بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ نواز شریف کو نااہل کرنا اور جیل میں ڈالنا ہے، جس کی گواہی جسٹس شوکت عزیز صدیقی جیسے لوگوں نے بھی دی ہے۔ یہ ریکارڈ پر ہے کہ ماضی میں ثاقب نثار نے بھی یہ بات کہی کہ مریم نواز اور نوازشریف کو ہمیں جیل میں ڈال کر عمران خان کو لانا ہے۔ یہ ان لوگوں کا فیصلہ ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے نام لیے بغیر کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ انہوں نے جس طرح کا رویہ رکھا اور خود اپوزیشن میں بیٹھ کر دھرنے اور احتجاج کے سوا کچھ نہیں کیا جب کہ اللہ کے فضل سے ہم بہت کچھ کام کر گئے ہیں۔