خیرپور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کی سابقہ حکمران پارٹی نے ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کا سہارا لے کر صوبے کو جنگل بنا دیا،بچیاں تک محفوظ نہیں، 40برسوں سے حکمرانوں کی شکل میں ڈاکو راج مسلط ہے، عوام کو امن، انصاف اور ترقی سے محروم رکھا گیا۔
خیرپور کے قصبے رانی پور میں مقامی جاگیردار کے ظلم کا شکار بچی فاطمہ کے خاندان کے لیے انصاف کے حق میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ پورے ملک میں آگ لگی ہے، عدم برداشت اور اخلاقی انحطاط میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو تماشا بنا دیا گیا، ملک پر 75برسوں سے مسلط حکمران اشرافیہ مسائل کی براہ راست ذمہ دار ہے، ان سے جان چھڑانا ہو گی۔ جماعت اسلامی ہی ڈاکو اور ظالم راج کا مقابلہ کر سکتی ہے، قوم ہمارا ساتھ دے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم فاطمہ کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا دی جائے، خاندان کو انصاف نہ ملنے تک احتجاج جاری رہے گا، ملک میں صحافیوں سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں۔ آزادی صحافت میں پاکستان دنیا میں 197درجہ پر ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں 140صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، مجموعی طور پر گزشتہ 5برس میڈیا کے لیے مشکل ترین دور تھا۔ صحافیوں کو اغوا، قتل، ہراساں کرنے کے واقعات عام ہیں۔