اسلام آباد: پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانون کو ایک مذاق بنا دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت پر تحریک انصاف نے اپنا ردعمل دیا ہے، جس میں کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کیے جانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے خود کو مقدمے کی سماعت سے فوری علیحدگی اور معاملہ کسی دوسرے بنچ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانون و انصاف کو محض ایک مذاق، عدالت کو تماشا بنا دیا، وہ چیف جسٹس کے منصب پر بیٹھنے کے اہل نہیں۔
کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ معاملے کو التوا میں ڈالنے کا واحد مقصد چیئرمین عمران خان سے روا رکھے جانے والے انتقام و تشدد کے سلسلے کا دوام ہے، چیف جسٹس آف پاکستان اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے اندازِ فیصلہ سازی کا نوٹس لیں۔
کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کیخلاف سپریم جیوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔