کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نگران حکومت جراتمندانہ فیصلے کرے اگر ایران سے بجلی خریدی جاسکتی ہے تو انتہائی سستاپٹرول، ڈیزل کیوں نہیں خریداجاسکتا؟ حکومت ایران سے پٹرول ڈیزل خرید کرعوام کو ریلیف دے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران وی وی آئی پی پروٹوکول ختم کرکے قناعت و سادگی کی نئی مثالیں قائم کریں ۔بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے قانونی طریقے سے ایرانی پٹرول ڈیزل کے کاروبار کے لیے آسانی فراہم کی جائے۔ چیک پوسٹوں و سرحدوں پر غیر قانونی بھتہ ،غنڈہ ٹیکس جو کہ اہلکاروں کی جیبوں میں جا رہا ہے، اس کا فائدہ نہ قوم کو ہے اورنہ ہی قومی خزانے کو، اسے ختم کرکے قانونی طریقے سے ٹیکس لے کر ایران سے پٹرول ڈیزل درآمد کرنے کی اجازت دی جائے ۔
مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر دیانت داری اخلاص ونیک نیتی سے کام کیا جائے تو بلوچستان کے وسائل سے نہ صرف اہل بلوچستان بلکہ پورے ملک کے عوام کو فائدہ پہنچاجایا جاسکتاہے۔ بدقسمتی سے بدعنوانی اور نااہلی کی وجہ سے بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ نہیں ہورہے جولمحہ فکریہ ہے۔ حکمرانوں میں دیانت داری واخلاص کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران ومقتدرقوتیں بلوچستان کے عوام کو گلے سے لگائیں اور نفرت وتعصب کاخاتمہ کریں۔ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں ان کوخیرات نہیں حق دیا جائے۔ ایسا صرف اسی وقت ہو گا جب اہل اور ایمان دار قیادت آگے آئے گی۔ آنے والے الیکشن میں ان لوگوں کو موقع ملنا چاہیے جنہوں نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ زلزلہ ہو یا سیلاب، جماعت اسلامی بلوچستان میں عوام کے ساتھ تھی۔ ہم یہاں یتیم بچوں کی کفالت کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے اسکلز سینٹرز قائم کیے ہیں۔ یہاں کے نام نہاد سیاستدان،اسلام وقوم کے نام پر سیاست کرنے والے اور سردارسب آزمائے جا چکے، یہ اپنی اولادوں کو حکومت کے لیے تیارکر رہے ہیں۔ان کا کوئی احتساب نہیں کرتا، یہ قانون سے بالاتر ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ملک کی عدالتوں میں انصاف نہیں، انصاف کے ترازو کا پلڑا اس کے حق میں جھکتا ہے جو طاقتور ہے، انصاف اور احتساب کا بے لاگ نظام متعارف کرانا ہو گا، قوم ترقی اور امن کے لیے دیانت دار لوگوں کو آگے لائے۔