لاہور:چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعے پر پورا پاکستان غمزدہ ہے، اسلام اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور آسمانی کتب کے احترام کی تعلیم دیتا ہے۔
مولانا طاہر محمود اشرفی نے بشپ ندیم کامران کے ہمراہ جڑانوالہ واقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی قائدین کے پاس معافی مانگنے آئے ہیں، جڑانوالہ میں جو کچھ ہوا ہم شرمندہ ہیں، ہم اپنی ذمہ داریاں پوری ادا نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ جن چھوٹی بچیوں کے گھر جلے انہوں نے کھیتوں میں رات گزاری، یہ جلائو گھیراؤ کرنے والے کون لوگ ہیں، یہ اسلام کی تعلیمات نہیں، معافی، شرمندگی یہ الفاظ چھوٹے لگ رہے ہیں، وزیراعظم، علما مشائخ کی طرف سے مسیحی قائدین سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ جوزف کالونی کے مجرموں کو سزا دی ہوتی تو آج یہ واقعہ نہ ہوتا، چیف جسٹس جڑانوالہ کیس کا ایک ماہ میں ٹرائل کریں، اس کیس کو لمبا نہ کیا جائے، ہم تھک گئے ہیں، آج بائبل زبور کو جلایا گیا ہے، اللہ کی کتابیں مقدس ہیں۔