سعودی عرب اور ایران میں تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کیلیے اہم ہے ، سعودی وزیرخارجہ

724

ریاض:سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لیے اہم لمحہ ہے۔

سعودی دارالحکومت الریاض میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہے ۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سعوید عرب اریان کے ساتھ طے شدہ سکیورٹی اور اقتصادی معاہدوں کو فعال کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے ورلڈ ایکسپو دوہزار تیس کی میزبانی کی سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا ۔

حسین امیر عبداللہیان نے الریاض میں ہونے والی بات چیت کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں سعودی عرب کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک دیرنیہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرسکتے ہیں۔ اس سے قبل ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان رواں سال مارچ میں تعلقات کی بحالی کے بعد اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔