راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن اپنے 10 ہزار رضاکاروں کو قدرتی آفات سمیت دیگر ایمرجنسی ڈیزاسٹر کے بعد ریسکیو آپریشن کیلیے تیار کرے گی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے پاک چائنافرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ 3 روزہ ایکسپو میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے کیمپ میں مختلف سرگرمیاں جاری رہیں۔
کنٹری ڈائریکٹرہیلپنگ ہینڈ امریکا سلیم منصوری،اسلامک ریلیف،قطرچیریٹی،ریسکیو1122سمیت مختلف اداروں کے عہدیداران کو کیمپ میں بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی نائب صدراعجازاللہ خان اور ڈائریکٹر ڈیزاسٹرمینجمنٹ فضل محمود نے کہاکہ ڈیزاسٹربہت تیزی سے دنیابھرکواپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں پاکستان بھی سیلاب،زلزلے سمیت دیگرقدرتی آفات کی زدمیں رہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن رواں برس 10ہزاررضاکاروں کوایمرجنسی ڈیزاسٹرکی تربیت دے کر انہیں آفات میں ریسکیو،ریلیف اور بحالی کے لیے تیارکرے گی۔ اس سلسلے میں مرکزی،ریجنل اور اضلاع کی سطح تک ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 23ایمرجنسی رسپانس سینٹرقائم ہوچکے،پہاڑی علاقوں کے لیے الخدمت ریسکیو بائیک تیار کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ الخدمت کے رضاکارپاکستان سمیت پوری دنیا میں خدمت کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترکی کے زلزلے کے دوران ہمیں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے 10ارب روپے خرچ کرچکے ہیں جب کہ 5ارب روپے سے الخدمت تعمیروطن پروگرام جاری ہے، جس میں گھروں،مساجداورتعلیمی اداروں کی بحالی کی جارہی ہے۔