بھارت کے ہماچل پردیش میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 61 افراد ہلاک

472
بھارت کے ہماچل پردیش میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 61 افراد ہلاک

نئی دہلی:بھارت کی شمالی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے جبکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 61 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ دودنوں میں گرمائی علاقے شملہ میں بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کے بعد جاری تلاش اور بچا کی کارروائیوں میں 12 لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 9 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے کانگڑا ضلع میں ایک ڈیم میں گنجائش سے زائد پانی  کے اخراج  سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

۔800 سے زائد افراد کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور دشوار گزار علاقوں میں سیلابی پانی میں پھنس جانے والے تقریبا 80 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کی کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کو دشوار گزار علاقوں میں متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے کام میں لگا دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ریاست کے دارالحکومت شملہ کے علاوہ منڈی، کلو اور کانگڑا اضلاع شامل ہیں۔

اب تک تقریبا 300 سڑکیں اور شاہراہیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جبکہ 100 سال سے زیادہ پرانا شملہ-کالکا ریلوے ٹریک کچھ مقامات پر اکھڑ گیا، پل ٹوٹ گئے، 500 سے زیادہ بجلی فراہم کرنے والے ٹرانسفارمر ناکارہ ہو گئے اور پینے کے پانی کے کئی منصوبے بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں  جس سے ریاست میں معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔

ریاستی حکومت کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ تقریبا 720 مکانات اور 241 دکانوں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے اور تقریبا 7ہزار 161مکانات کو مسلسل بارش کی وجہ سے جزوی نقصان پہنچا ہے۔