اسکردو انٹرنیشنل ائرپورٹ بن گیا، پہلی پرواز لینڈ کر گئی

391

اسکردو: قومی ائرلائن کی پہلی انٹرنیشنل پرواز اسکردو ائرپورٹ پر لینڈ کر گئی، جس کے بعد عملی طور پر اسکردو انٹرنیشنل ائرپورٹ بن گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق دبئی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 234 نے اسکردو میں لینڈ کیا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں پی آئی اے کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ اس نے اسکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروا دیا ہے۔

اسکردو ائرپورٹ کو بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ ملنے کے بعد خوبصورت علاقے اور یہاں موجود دلفریب نظاروں سے بین الاقوامی مسافر لطف اندوز ہو سکیں گے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دوران پرواز سیاحوں کو ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں بشمول کے ٹو اور نانگہ پربت کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ پی آئی اے کی دبئی سے اسکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔