کراچی: شہرقائد کا موسم بدستور ابرآلود رہے گا، اتوار کو معمول سے تیز ہوائیں چلیں، رفتار 34 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، زیادہ سے زیادہ پارہ 30 ریکارڈ ہوا، اگلے تین روز کے دوران تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر میں مطلع زیادہ تر ابرآلود رہنے جبکہ ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے، بدھ تک شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 جبکہ کم سے کم 26 سے 28 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا موسم ابرآلود رہنے اور معمول سے تیز ہوائیں چلنے کے سبب متوازن رہا، سمندری ہواؤں کی رفتار 34 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد رہا۔
بتایا گیا ہے کہ سمندری ہوائیں اگلے چند روز تک بحال رہ سکتی ہیں، دیہی سندھ کے بیشتر اضلاع بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں، اتوار کو دادو کا پارہ 42 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کے اکثر اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر سمیت ساحلی مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔