اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی قائد نواز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)، میں نے نواز شریف کو پارٹی کا وزیراعظم کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کالعدم ہونے کا نواز شریف کے معاملے پر اثر نہیں پڑے گا کیوں کہ الیکشن ایکٹ ترمیم سے نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے، اب ان کے پاکستان واپس آنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواہش ہے کہ انتخابات جلد از جلد منعقد ہوں، اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی نااہلی کی مدت گزشتہ ماہ 26 جولائی کو ختم ہو چکی ہے۔