اسلام آباد:سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسے ہی ایک غیر معمولی واقعے سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں ایک معمر کرکٹر کو اپنی پیٹھ پر آکسیجن سلنڈر اٹھائے کھیل کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اسکاٹ لینڈ میں 83سالہ بزرگ ایلکس اسٹیل بیمار ہونے کے باجود کلب میچ کھیلنے گرائونڈ پہنچ جاتے ہیں،اسکاٹ لینڈ کے کرکٹر ایلکس سٹیل کے لیے کرکٹ زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں 1967میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے 83سالہ بوڑھے کو حال ہی میں کلب کی سطح پر کھیلتے ہوئے اپنی کمر پر آکسیجن سلنڈر کے ساتھ اسٹمپ کے پیچھے دیکھا گیا،ایلکس اسٹیل نے آکسیجن سلنڈر پہن کر وکٹ کیپنگ کی۔
میچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ بوڑھا ہونے پر کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں، اور لیجنڈز بوڑھا ہونا روک دیتے ہیں جب وہ کرکٹ کھیلتے ہیں،ویڈیو دیکھنے کے بعد صارفین بزرگ شہری کی خوب تعریف کررہے ہیں اوران کا مزید حوصلہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ دراصل ایلکس اسٹیل سانس کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، ان کی زندگی میں تب ایک اہم موڑ آیا تھا جب انھیں 2020میں ایڈیوپیتھک پلمونری فائبروسس نامی بیماری کی تشخیص ہوئی۔
ڈاکٹروں نے ان سے کہا تھا کہ ان کی زندگی اب ایک سے پانچ سال تک رہ گئی ہے، اس سے زیادہ وہ جی نہیں پائیں گے، لیکن ایلکس نے اپنا جذبہ جوان رکھا ہے اور تشخیص کے تین سال بعد بھی کلب کرکٹ میں آکسیجن سلنڈر کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔