لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کیلئے دائر درخواست پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے منگل کو جواب طلب کر لیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے کہا کہ ریاست کوعوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کو نظر بند کرنے کا اختیار ہے اور ریاست ہی کا قانون ہے کہ رشتے داروں کو ملاقات کی اجازت ہے۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے پنجاب حکومت کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بتائیں کہ شوہر سے بیوی کی ملاقات سے ریاست کو کیا خطرہ ہے ، آپ کا کیا خیال ہے؟ آپ ملاقات کیلئے بنائی گئی لسٹ پر نظرثانی کر سکتے ہیں۔
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ درخواست گزار نے ملاقات کے لیے درخواست ہی نہیں دی۔
بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے جواب طلب کرتے ہوئے پرویز الہی سے ملاقات کیلئے درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔