اسلام آباد: سابق وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ اگر عدالتی حکم پر تحریک انصاف کے چیئرمین کو گرفتار کیا ہے توصحیح گرفتار کیا ہے کیونکہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں۔
پرویز خٹک نے کہاکہ گزشتہ روز کون چیئرمین پی ٹی آئی کے لئے نکلا ہے، خالی باتوں سے توکچھ نہیں ہوتا، لوگوں کو بیوقوف بنانے سے ملک صحیح نہیں ہوسکتا، میں عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوئی نیا پاکستان نہیں بنارہا، چیئرمین پی ٹی آئی ڈکٹیٹر بننا چاہتا ہے، فوج کے خلاف جنگ کرنا چاہتا ہے اور ملک میں افراتفری لانا چاہتا ہے تاکہ یہ ملک تباہی کی طرف جائے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بندہ ملک میں انتشار کے لئے آیا ہے اور ڈکٹیٹربننا چاہتا ہے اورفوج کے خلاف انقلاب لانا چاہتا ہے۔ انتخابات کے التواء کا شکار ہونے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں بلکہ خوشی ہے، میںجو سن رہا ہوں اوردیکھ رہاہوںآئندہ سال فروری کے آخر میں انتخابات ہوجائیں گے، عام انتخابات سینیٹ انتخابات سے قبل ہوجائیں گے۔ کوئی بھی اچھا بندہ نگران وزیر اعظم بنے جو ملک کے لئے کام کرے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ تحفہ لے کر بیچنا بہت شرم کی بات ہے، وزیر اعظم کا یہ کام بالکل نامناسب تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کئی چیزیں چھپائی ہوئی تھیں، کئی چیزیں بتائی نہیں تھیں ، قیمتیں نہیں بتائی تھیں، یہ ہمارے لئے بہت شرمندگی کی بات ہے اور عدالت نے جو فیصلہ کیا ہے صیح کیا ہے ، میں تودیکھ رہا ہوں اس کے علاوہ بھی بہت ساری چیزیں آرہی ہیں، چند کیسز ہیں جو بہت ہی مضبوط ہیں۔