اسلام آباد: وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت سے سزا اور گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سیاسی نہیں، انہیں عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر سزا سنائی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو حکومت نے گرفتار کیا ہے نہ ہی اس معاملے کا انتخابات سے کوئی تعلق ہے۔ انہیں ٹرائل کورٹ نے عدالتی ٹرائل مکمل ہونے پر سزا دی ہے۔ حکومت نے اگر عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو گزشتہ برس اپریل ہی میں گرفتار کرلیتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان خود پر لگے الزامات کا جواب نہیں دیتے، جب ان سے جواب مانگا جاتا تو وہ اداروں پر حملہ کرتے تھے۔عمران خان نے مخالفین پر الزامات لگائے، پی ٹی آئی چیئرمین کے جرائم کی تحقیقات ایک سال سے جاری تھیں۔ کیس میں 40 سے زائد پیشیاں ہوئیں، ملزم کو صفائی کا بھرپور موقع دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی 40 میں سے صرف 30 پیشیوں میں حاضر ہوئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں، قانونی تقاضے پورے اور ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا، عمران خان نے توشہ خانہ کے تحفے خریدے بعد میں اور فروخت پہلے کیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالتوں میں بھی جھوٹ بولے، تمام مواقع ہونے کے باوجود عمران خان توشہ خانہ کیس چوری میں اپنے جوابات میں جھوٹ بولتے رہے۔