بھارت نے پاکستان کی شہ رگ کو دبوچ رکھا ہے، جماعت اسلامی آزاد کشمیر

466
بھارت نے پاکستان کی شہ رگ کو دبوچ رکھا ہے، جماعت اسلامی آزاد کشمیر

مظفرآباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی راہنما شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے شہ رگ کو دبوچ رکھا ہے ریاست پاکستان اپنی شہ رگ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے ،محض سیاسی،سفارتی نہیں کشمیریوں کی عملی مدد کی جائے۔

کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کردی ہے ان قربانیوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت پاکستان بیانات سے آگے بڑھ کر عملی کارروائی کرے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم استحصال کے موقع پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد لطیف عباسی،اعظم غازی سمیت دیگر راہنمائوںنے خطاب کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہندوستان نے 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اپنی یونین میں ضم کردیا لیکن پاکستان کے حکمران خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے پاک فوج کے سپہ سالار کشمیریوں کو ہندوستانی مظالم سے نجات دلانے کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم کے مطابق عملی کارروائی کریں۔

انہوں نے کہاکہ ریاست پاکستان قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کا تسلسل جاری رکھتی تو آج کشمیر آزاد ہوچکا ہوتا کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے لیکن ہندوستان کے ناجائز قبضے کو ایک لمحے کے لیے بھی قبول نہیں کیا۔