سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی

501
approved

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی،دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعدد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ،بینچ کے سربراہ جسٹس یحیی آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ فی الحال ہم اس عدالت سے فیصلہ نہیں چاہتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے پر ہمیں اس کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ درکار نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے دونوں فریقین سے پوچھا کہ کیا اس کیس کو نمٹا دیا جائے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے آمادگی کا اظہار کیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے کیس کو خارج کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا جبکہ خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آج جو بیان ریکارڈ ہونے ہیں انہیں بھی روک دیا جائے جس پر عدالت نے کہا وہ فی الحال اس کیس میں کوئی حکمنامہ جاری نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس یحیی آفریدی کا کہنا تھا جب اپنے وقت پر اپیلیں اس کیس میں آئیں گی تو اس وقت اس معاملے کو دیکھا جائے گا جس کے بعد عدالت نے توشہ خانہ کیس سے متعلق اپیلوں کو نمٹا دیا۔