آزادی اظہار رائے پر بھاشن دینے والوں نے پارلیمان میں میڈیا کارنر بند رکھا، مریم اورنگزیب

386

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے پر بھاشن دینے والوں نے چار سال پارلیمان میں میڈیا کارنر بند رکھا، صحافیوں کے چلتے پروگرام بند کئے، پچھلے چار سال اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ  چیئرمین پی ٹی آئی سے جب معاشی بدحالی، مہنگائی، آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کا پوچھیں تو کہتے ہیں کہ میرے پاس معاشی ٹیم اچھی نہیں تھی، توشہ خانہ اور 190 ملین کی چوری کا پوچھیں تو ملبہ اپنے ایم ایس اور اپنی کابینہ پر ڈال دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  یہ شخص بالٹی، ڈبہ، کنستر ڈال کر عدالت پیش ہوتا ہے، اس کے پاس چوری کا کوئی جواب نہیں، ہم نے پچھلے چار سال سنسر شپ بھگتی ہے، ہم بالٹی، ڈبہ اور کنستر منہ پر ڈال کر نہیں بیٹھے بلکہ سر اٹھا کر بہادری کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ   پیمرا(ترمیمی) بل 2023سنجیدہ قانون سازی ہے، میری درخواست پر یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بھیجا گیا، اس پر تعمیری رائے آنی چاہئے، گذشتہ چار سال ایک نالائق، نااہل، چور اور فاشسٹ ٹولہ پارلیمان اور حکومت پر قابض تھا جس نے چار سال تک پارلیمان میں میڈیا کارنر بند رکھا اور آج آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر بھاشن دے رہے ہیں۔