کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کی گئیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایمرجنسی کی صورت میں دستیاب وسائل ٹاسک ریسورس کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ یہ عمل اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ٹاسک ریسورس انالیسز یا (ٹی آر اے) کا دوسرا مرحلہ تھا، جس میں طیارہ حادثے کی صورت میں درکار وسائل کا جائزہ لیا گیا۔
حادثہ سے نمٹنے کے مراحل اور کاموں کے لیے درکار وسائل کا جائزہ فرضی جامع مشقیں کر کے لیا گیا۔ فرضی مشقوں میں چھوٹے پیمانے پر لائیو فائر ایکسرسائز، لائیو فائر فائٹنگ، ریسکیو آپریشنز، سیڑھی کی مشقیں، اور بیک اپ سپلائی کے طریقہ کار کو شامل کیا گیا۔ علاوہ ازیں مؤثر ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے ائرسائیڈ پر مختلف مقامات پر رسپانس ٹائم کا جائزہ بھی لیا گیا۔
مشقوں کے دوران عملے کی تیاری اور حفاظتی اقدامات کو جانچنے کے لیے ایک سیلف کنٹینڈ بریتھنگ اپریٹس (SCBA) ڈوننگ ڈرل کا انعقاد بھی ہوا۔ (ٹی آر اے) ٹیم نے بیرونی فائراینڈ ریسکیو محکموں کے ردعمل کے وقت کو ریکارڈ کیا۔
بعد ازاں اسلام آباد ائرپورٹ اور اور بیرونی ہنگامی سروسز، اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کے لائحہ عمل کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی غور ہوا ۔