بہاولپور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کو امریکا روانگی سے روک دیا گیا

703

بہاولپور یونیورسٹی اسکینڈل کے تناظر میں جامعہ کے سابق وائس چانسلر کو امریکا روانگی سے روک دیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کو امریکا جانے سے روک دیا اور انہیں پرواز سے آف لوڈ کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی کے بین الاقوامی ائرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے کے امیگریشن عملے نے سابق وائس چانسلر بہاولپور یونیورسٹی کو امریکا جانے سے روک دیا۔ ڈاکٹر اطہر محبوب 2 روز قبل جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے امریکا جانے کی کوشش کررہے تھے۔

ایف آئی اے کے سینئر افسران کی جانب سے سابق وائس چانسلر بہاولپور یونیورسٹی کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کی ہدایت کے پیش نظر انہیں مبینہ نازیبا وڈیوز کے معاملے کی تحقیقات کے تناظر میں آف لوڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر اطہر محبوب 25 جولائی 2023 کو بطور وائس چانسلر بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔