اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل یوتھ حب پورٹل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات ملیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل یوتھ پروگرام کو پورے پاکستان میں تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں،روزگار ، تعمیراتی سرگرمیاں اور ماحولیات کے حوالے سے آسان رسائی ملے گی،اب تک بینکوں کے ذریعے نوجوانوں میں 20ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں،پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں 5ارب روپے رکھے گئے جو کہ ناکافی ہے،لیب ٹاپ اور لون اسکیم سے غریب طلبا مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ہماری مدت ختم ہورہی ہے،اگر دوبارہ منتخب ہوئے تو نوجوانوں کے لیے مختص رقم میں اضافہ کریں گے۔ امید ہے کہ نوجوان اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔آئی ٹی پروگرام میں نوجوانوں کو فری لانسنگ میں اس سال بجٹ میں 80ارب روپے کی رقم میرٹ پر مختص کی گئی ہے،نوجوانوں میں لیپ ٹاپس کثیر تعداد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں میں 5ارب روپے کی مختص کی گئی رقم آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ 2008میں بطور وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہوئے پنجاب انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا،جس کے ذریعے اگلے 10سالوں میں 22ارب روپے کی وظیفے میرٹ پر نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے تھے۔ 4 لاکھ بچے اور بچیاں اس فنڈ سے مستفید ہوئے۔