کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کراچی کے تاجروں کو یکساں قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
شہر قائد میں وزیراعظم سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر طارق یوسف اور ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر برادری کو سہولت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی مسائل کے حل کے لیے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے۔ کراچی میں بجلی اور گیس کی منصفانہ تقسیم کے لیے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت نے ملک میں مثبت کاروباری فضا قائم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں بیرونی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) سے ملک میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔ اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام تاجر برادری کے ساتھ تعاون سے ان کے مسائل حل کریں۔
تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کراچی کے تاجروں کو یکساں قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا سید نوید قمر، سید امین الحق، احسن اقبال، انجینئر خرم دستگیر، وزیرِ مملکت مصدق ملک، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق پاشا، جہانزیب خان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر اسٹیٹ بینک، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو اور تاجر برادری کے رہنما زبیر موتی والا نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں اور وزیر اعظم کے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔