شدید گرمی کے باعث ایران میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان

678

تہران: ایران میں شدید گرمی کے باعث حکومت نے 2 دن کے لیے چھٹیوں کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق گرم موسم کی شدت کے باعث ایرانی شہری مشکل صورت حال کا شکار ہیں جب کہ معمولات زندگی بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ہیٹ ویو کے خدشات کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر بدھ اور جمعرات کی 2 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے اکثر علاقے گرم موسم کی غیر معمولی شدت کا شکار ہیں جب کہ کچھ علاقوں میں تو درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ کو بھی چھو چکا ہے۔ ایرانی دارالحکومت بھی شدید گرم موسم کی زد میں ہے۔

شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث پہلے ہی اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے جب کہ بیمار اور معمر افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے عام تعطیل دی گئی ہے تاکہ شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

اعلان کے مطابق عام تعطیلات کے دوران بینک بھی بند رہیں گے۔