لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں، سعودی عرب نے امریکی شکنجے سے نکل کر بالآخر ایران سے ہاتھ ملا لیا اور چین کا اتحادی بھی بن گیا، بھارت امریکا کے قریب جا رہا ہے۔
راشد نسیم نے کہاکہ ان واقعات کے بیچ افغانستان میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی جہاں درویش صفت لوگوں نے سپرطاقت کو شکست دی اور افراد کی بجائے نظریات کی بنیاد پر الٰہی حکومت قائم کی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بھی فیصلہ کن لمحات آ گئے ہیں اسے اپنے وجود کلمہ کی طرف لوٹنا ہو گا اور قوم کو سیکولر اور مغرب کے ذہنی غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں خلافت راشدہ کا نظام ہی مسائل کا حل ہے۔ اسلامی نظام نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔