اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی واحد ملزم ہے جس کی درخواست پر سپریم کورٹ میں فوری نمبر الاٹ اور سماعت مقرر ہو جاتی ہے، کیا یہ سہولت کسی اور ملزم کو میسر ہے؟
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ سپریم کورٹ نے لاڈلے کیلئے یہ معیار سیٹ کر دیئے ہیں، یہ انصاف کے ساتھ کیسا مذاق ہو رہا ہے، توشہ خانہ کیس حتمی مراحل میں داخل ہوا ہے، آج جب سماعت ہوئی تو ملزم اور ان کے وکلا کے پاس جواب نہیں تھا۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ڈائریکٹ تحائف نہیں لیے، تحائف لیے گئے اور ڈکلیئر نہیں کیے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی پیچھے جھنڈے لیکر دو، دو گھنٹے لیکچر دیتے ہیں، عدالت میں گیارہ ماہ بعد جواب دیا اور کہا کسی اور سے پوچھیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عدالت میں اتنی بہانے بازی افسوسناک ہے۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحائف لیے انہیں ڈکلیئر کرنا لازم تھا، تحائف بیچنے کے بعد رقم کہاں گئی اس رقم کا پتا لگنا ضروری ہے، دوسروں سے رسیدیں مانگنے والے کے پاس آج کوئی جواب نہیں ہے، جس نے تحفے بیچے اور فائدے اٹھائے وہی جواب بھی دے۔