اسلام آباد:سینیٹ میں توشہ خانہ ریگولیشن اینڈ مینجمنٹ، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی سمیت چار بلز منظور کرلئے گئے، رویت ہلال کمیٹی بل مزید غور کے لئے قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ زرمبادلہ کے زخائر ڈیڑھ ماہ میں 15 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے ، سینیٹ میں توہین کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سول سرونٹ افسران پر ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تعیناتی پر پابندی عائد کردی گئی، ریٹائرڈ سول افسران کی دوبارہ بھرتی یا ملازمت میں توسیع نہیں ہوسکے گی،ریٹائرڈ سول افسران کنٹریکٹ، ایڈہاک، عارضی طور پر بھی کسی ادارے میں تعینات نہیں ہوں گے۔
وفاقی حکومتی اداروں کے علاوہ، خودمختار اداروں، کارپوریشن، کمپنیز یا اتھارٹی میں ریٹائرڈ افسران کی بھرتی پر ممانعت ہوگی۔ سینیٹ اجلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ توشہ خانہ ریگولیشن اینڈ مینجمنٹ بل 2023 منظور کیا گیا جبکہ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی بل 2023 بھی سینیٹ سے منظور کرلیا گیا۔